نیویارک : (ویب ڈیسک ) نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے غزہ کی پٹی میں الاہلی ہسپتال پر اسرائیل کی جانب سے حالیہ بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔
گزشتہ رات (17 اکتوبر) غزہ شہر کے الاہلی عرب ہسپتال پر اسرائیل کی جانب سے فضائی حملے کے نتیجے میں 500سے زائد افراد شہید ہو گئے تھے جن میں زیادہ تر بچے شامل تھے۔
اسرائیل کی جانب سے ہسپتال پر حالیہ بمباری کے بعد ملالہ یوسف زئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ( ایکس ) پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی ہے۔
ملالہ نے اپنے ویڈیو پیغام کے عنوان میں لکھا کہ غزہ شہر کے ہسپتال پر بمباری کا واقعہ دیکھ کر بہت خوفزدہ ہوں، میں اس واقعے کی واضح الفاظ میں مذمت کرتی ہوں اور اسرائیلی حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ غزہ میں خوراک اور ادویات کی امداد کی فراہمی کی اجازت دی جائے اور جنگ بندی کا بھی مطالبہ کرتی ہوں۔
I’m horrified to see the bombing of al-Ahli Hospital in Gaza and unequivocally condemn it. I urge the Israeli government to allow humanitarian aid into Gaza and reiterate the call for a ceasefire. I am directing $300K to three charities helping Palestinian people under attack. pic.twitter.com/JiIPfnTUvY
— Malala Yousafzai (@Malala) October 17, 2023
نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں یہاں فلسطین، اسرائیل اور دنیا بھر میں امن کے لیے پکارنے والے لوگوں تک اپنی آواز پہنچانے کے لیے آئی ہوں، سب کو سزا دینا مسئلے کا حل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں نصف افراد کی عمر 18 سال سے کم ہے، انہیں پوری زندگی بمباری اور ناجائز قبضے میں گزارنے پر مجبور نہ کیا جائے، میں ہر شخص سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ فلاحی اداروں کو عطیہ کریں جو غزہ میں انسانی امداد فراہم کر رہی ہیں۔
ملالہ یوسف زئی نے غزہ کے لیے 3 لاکھ ڈالرز کی امداد کا بھی اعلان کیا۔
دوسری جانب حماس کے زیرانتظام غزہ کی حکومت نے ہسپتال میں حملے کو جنگی جرم قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ کئی دہائیوں سے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر بمباری کے بعد 7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل کے فوجی اڈوں اور شہری علاقوں پرحملہ کیا تھا۔
اس حملے کے جواب میں گزشتہ 10 دنوں کے دوران اسرائیل کے جنگی طیارے غزہ کی پٹی پر مسلسل بمباری کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد تین ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔