وزیر انسانی حقوق کا اقوام متحدہ سے اسرائیل، فلسطین تنازع پر نوٹس لینے کا مطالبہ

Published On 17 October,2023 02:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر انسانی حقوق خلیل جارج نے فلسطین پر اسرائیلی حملوں کے حوالے سے مذمتی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

اپنے ایک بیان میں نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا کہ فلسطین میں آئے روز انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہے، مشرق وسطیٰ میں اس خونی تنازعے کو دہایاں گزر چکی ہیں جس کا کوئی مستقل حل نظر نہیں آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو نشانہ بنانا جنگی اصولوں کے خلاف عمل ہے، ضروریات زندگی کی سپلائی منقطع کرنے کا فیصلہ غیر منصفانہ ہے، ناکہ بندی کو ختم کیا جائے اور فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی رسائی کی اجازت دی جائے۔

خلیل جارج نے مزید کہا کہ فلسطینی نژاد امریکی لڑکے کو امریکہ میں چاقو سے قتل کرنا مذہبی جنگ کو ہوا دینا ہے، 6 سالہ لڑکے کو فوجی طرز کے ایک بڑے چاقو سے 26 بار مارنا کہاں کی انسانیت ہے۔