کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ کے زیر صدارت بلوچستان نگران کابینہ کا تیسرا اجلاس ہوا، اجلاس میں غزہ کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔
نگران کابینہ نے اجلاس کے دوران اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، اجلاس میں رائٹ ٹو انفارمیشن رولز 2022ء اور قومی تعلیمی نصاب فیز ٹو کی منظوری دی گئی، کابینہ نے سیل ٹیکس کے لئے کیسکو اور ریونیو اتھارٹی کو تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔
صوبائی کابینہ نے ٹیکس کی وصولی کو رائج شرح سے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، نصیر آباد کی تحصیل لانڈھی میں کابینہ کی جانب سے پولیس سٹیشن کے قیام کی منظوری دی گئی، سرکاری ملازمت کے لئے عمر کی حد 35 سال مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ علی مردان ڈومکی نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل اور گڈ گورننس کے لئے کوشاں ہیں، نیک نیتی سے حکومتی معاملات کو درست سمت میں لے جانے کی کوششیں کررہے ہیں، جتنا دستیاب وقت ہے اس میں عوام کی خدمت اور حکومتی معاملات درست کرنے کیلئے کام کریں گے۔