روس اور چین پائیدار ترقی کے حصول کیلئے کام کر رہے ہیں: ولادیمیر پیوٹن

Published On 18 October,2023 09:25 am

بیجنگ : (دنیانیوز) روس کےصدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ روس اور چین پائیدار ترقی کے حصول کے لیے کام کر رہے ہیں۔

چین کے شہر بیجنگ میں تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی افتتاحی تقریب سےخطاب میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ شی جن پنگ کے اہم اقدامات کی 10ویں سالگرہ منارہے ہیں، فورم کے ذریعے ملکوں کو آپس میں جوڑنے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں، فورم کے تحت جاری منصوبوں کی کامیابی پر خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کو جدید اوروسیع کیا جارہا ہے، بیلٹ اینڈ روڈ تجارتی سامان کی محفوظ اور جلد منتقلی کو یقینی بنارہا ہے، روس رابطوں کے فروغ کیلئے سڑکوں کے ساتھ ساتھ ریلوے ٹریک وسیع کرنے پر کام کررہا ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بیلٹ اینڈ روڈ پراجیکٹ کی کامیابی پرچین کو مبارکباد پیش کی۔

بعدازاں صدر قازقستان نے بھی تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ عالمی سطح پر تعاون ایک اہم پلیٹ فورم ہے، بیشتر ممالک مستفید ہورہے ہیں، عالمی رابطوں کیلئے بی آر آئی فورم اہم بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپ، ایشیا اورافریقہ کے150ملک فورم کا حصہ ہیں، فورم رکن ممالک کے درمیان رابطوں اور دوستی کو فروغ دے رہا ہے، 85فیصد تجارتی سامان قازقستان کے ذریعے چین سے یورپ جاتا ہے، بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے تحت اقتصادی راہداریاں خوشحالی کا باعث بن رہی ہیں۔

صدر قازقستان کاکہنا تھا کہ بیلٹ اینڈ روڈ اقدام دنیا میں ٹھوس تبدیلیاں لائی ہے ، ان اقدامات پر عملدرآمد سے شریک ممالک کے درمیان تجارت بڑھی ہے ۔