غزہ: (دنیا نیوز) امریکا نے اسرائیل کے ظلم و بربریت کا شکار فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کا اعلان کر دیا۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کیلئے 100 ملین ڈالر کی انسانی امداد کا اعلان کیا ہے۔
فنڈنگ ایک ملین سے زیادہ بے گھر اور متاثرہ لوگوں کو خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ فراہم کرے گی۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکا اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور عالمی این جی اوز سمیت قابل اعتماد شراکت داروں کے ذریعے انسانی امداد فراہم کرتا ہے۔
حماس کی دہشت گردی کیلئے عام شہریوں کو قصوروار نہیں ٹھہرانا چاہیے، متاثرین کی جانوں کا تحفظ کیا جانا چاہیے، ضرورت مندوں تک امداد فوری طور پر پہنچنی چاہیے۔
امریکی سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان لوگوں کی مدد کی جائے جو حفاظت یا امداد فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، خوراک، پانی، طبی دیکھ بھال اور پناہ گاہ تک رسائی کو آسان بنائیں گے۔
ہم خطے میں شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ جنگ کے قانون کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا جا سکے۔