غزہ: (دنیا نیوز) حماس نے یرغمال بنائی گئی دو امریکی خواتین کو رہا کر دیا، امریکی ماں بیٹی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کیا گیا ہے۔
حماس کی جانب سے رہا کی گئی امریکی ماں بیٹی غزہ سرحد پر اسرائیلی نمائندوں کے حوالے کی گئیں جہاں سے انہیں اسرائیل میں فوجی اڈے لایا گیا، رہائی پانے والی خواتین کا خاندان ان کا پہلے سے منتظر تھا، عالمی ریڈ کراس نے یرغمالیوں کواسرائیل تک پہنچانے میں مدد کی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں خواتین کو قطری حکومت کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت انسانی بنیادوں پر رہا کیا گیا ہے، قطر اور مصر کے ساتھ مل کر یرغمالیوں کی رہائی کیلئے کام کر رہے ہیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے امریکی یرغمالیوں کی رہائی پر خوشی کا اظہار کیا جبکہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ 2 سو افراد میں سے یہ پہلی رہائی ہے، قطر کا اس سلسلے میں مدد کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اب بھی 10 امریکی لاپتا ہیں جن میں سے بعض یرغمال ہیں۔