غزہ: اسرائیل کی بمباری میں 12 سالہ فلسطینی یوٹیوبر بھی شہید ہو گیا

Published On 22 October,2023 05:25 am

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیل کی بمباری سے 12 سالہ فلسطینی یوٹیوبر بھی شہید ہو گیا، عونی الدوس نے چند ہفتے قبل ہی اپنا یوٹیوب چینل شروع کیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے حملے میں شہید ہونے والے یوٹیوبر عونی الدوس کی شہادت کی اطلاع فلسطینی رضاکاروں نے سوشل میڈیا کے ذریعے دی، عونی الدوس نے غزہ پر اسرائیلی حملوں سے کچھ عرصہ قبل ہی یوٹیوب پر اپنا چینل بنایا تھا، وہ اپنے چینل پر “گیمنگ ویڈیوز” اپ لوڈ کرتے تھے اور اُن کا خواب تھا کہ وہ ایک مشہور اور کامیاب انسان بنیں۔

12 سالہ عونی الدوس نے اپنے چینل پر صرف 11 ویڈیوز ہی اپ لوڈ کی تھیں اور صرف ان چند ویڈیوز سے ہی اُن کے یوٹیوب چینل پر 31 ہزار سے زائد سبسکرائبرز ہوگئے تھے، شہید یوٹیوبر کا خواب تھا کہ اُن کے چینل پر ایک لاکھ سبسکرائبرز ہو جائیں لیکن اسرائیلی فوج نے عونی الدوس کو شہید کر کے اُن کا خواب بھی چھین لیا، اسرائیلی حملے میں عونی الدوس تمام گھر والے بھی شہید ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی کی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4137 ہو گئی ہے جبکہ غزہ پر اسرائیل کی تازہ کارروائی میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 19 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جبکہ 50 سے زائد زخمی ہیں، اسرائیل نے القدس ہسپتال خالی کرنے کی وارننگ دے رکھی ہے۔