حماس نے 3 یرغمالی خواتین کی ویڈیو جاری کر دی، اسرائیلی وزیر اعظم پر کڑی تنقید

Published On 31 October,2023 03:43 am

غزہ: (دنیا نیوز) حماس نے 3 اسرائیلی خواتین قیدیوں کی ویڈیو جاری کر دی جس میں خواتین نے اپنی قید کا ذمہ دار اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو قرار دیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز نے 76 سیکنڈ کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ان کی قید میں موجود 3 اسرائیلی خواتین کا پیغام نشر کیا گیا ہے جس میں وہ اپنی رہائی کیلئے حکومت سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

یرغمالی خواتین کا ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت یرغمالیوں کو بچانے کیلئے اپنی قید میں موجود تمام فلسطینیوں کو رہا کرے، عام اسرائیلی اس وقت نیتن یاہو کی غلط سیاسی و فوجی پالیسیوں کی قیمت چکا رہا ہے، اسرائیلی حکومت 7 اکتوبر کو شہریوں کی حفاظت میں ناکام رہی۔

ویڈیو پیغام میں کہا گیا کہ کوئی اسرائیلی فوجی ہماری مدد کو آیا نہ کسی نے ہماری آواز سنی، اسرائیلی ریاست کو ٹیکس دینے والے شہری یہاں قید میں بے حال بیٹھے ہیں، نیتن یاہو ہمیں چھڑوانے کے بجائے سیاست، سکیورٹی اور فوجی افراتفری میں گھسیٹ رہے ہیں۔

خواتین نے کہا کہ کیا نیتن یاہو نے پہلے ہی کافی لوگوں کو قتل نہیں کر لیا؟ کیا پہلے ہی بہت سے اسرائیلی شہری قتل نہیں ہو چکے؟، ہم سب کو آزاد کروائیں، اُن کے قیدیوں کو آزاد کریں، ہمیں اپنے خاندان کے پاس واپس بھجوائیں اور ابھی بھجوائیں۔