اسرائیلی فورسز کی فلسطینیوں کو شمالی غزہ کے ہسپتال خالی کرنے کی دھمکی

Published On 24 October,2023 07:05 am

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 400 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

فلسطینی وزارت داخلہ کے مطابق اسرائیل کی فضائی افواج نے غزہ کے 320 مقامات کو نشانہ بنایا، رفاہ شہر پر حملے میں 18 فلسطینی شہید ہوئے اور متعدد زخمی ہیں، قابض فوج کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹے میں کیے گئے حملوں میں 400 فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے ہیں جس کے بعد شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل غزہ میں پناہ گزین کیمپ، ہسپتال، مسجد اور گھر سب کچھ مسمار کرنے میں مصروف ہے، حملوں میں اقوام متحدہ کے 13 اہلکار بھی مارے گئے ہیں، مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپے جاری ہیں جہاں سے ڈاکٹر سمیت 7 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا، اسرائیل نے شمالی غزہ میں ہسپتالوں کو خالی کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ہسپتال خالی نہ کئے تو بمباری کریں گے۔

اسرائیل کی وزارت دفاع نے اپنی فورسز کی جنگی مشقوں کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے ساتھ جنگی مشقیں کی جا رہی ہیں، غزہ میں زمینی آپریشن کی بھر پور تیاری ہے۔

دوسری جانب حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی غزہ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے زمینی حملے کو پسپا کر دیا ہے، جھڑپ میں اسرائیل کا ایک ٹینک اور دو بلڈوزر تباہ ہوئے ہیں، سرحدی علاقے خان یونس کے قریب زمینی حملے کی پسپائی کے بعد صیہونی فوجی اپنی گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی حکام نے اعتراف کیا ہے کہ ایک ٹینک نے غلطی سے غزہ کی پٹی کے باہر مصری پوزیشن کو نشانہ بنایا، اسرائیلی فوج غزہ اور اسرائیل کے درمیان آہنی باڑ کی مرمت کیلئے جانا چاہتی تھی کہ اسرائیلی فوج کا ٹینک فلسطینیوں کے نرغے میں آگیا اور اسرائیلی فوج فائرنگ کی زد میں آکر ٹینک چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئی۔