تل ابیب : (دنیا نیوز) انتہاپسند اسرائیلی وزیر امیچے الیاہو صیہونی بمباری سے تباہ حال غزہ پر ایٹم بم گرانے کی باتیں کرنے لگے۔
ایک انٹرویو کے دوران انتہاپسند اسرائیلی وزیر کا کہنا تھا غزہ پر ایٹم بم گرانا خارج از امکان نہیں ہے، فلسطینیوں کو آئرلینڈ یا کسی صحرا چلے جانا چاہیے۔
بعد ازاں اسرائیلی وزیر غزہ پر ایٹم بم گرانے کے اپنے بیان سے مکر گئے اور کہا کہ ایٹم بم استعمال کرنے کی بات میں نے استعارے کے طور پر کہی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ پر ایٹمی حملے کی بات کرنے والے اسرائیلی وزیر پر اسرائیلی کابینہ کے اجلاس میں شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر الیاہو کا بیان حقیت پسندانہ نہیں ہے، اسرائیلی فورسز غزہ میں معصوم لوگوں کو نقصان پہنچانے سے بچانے کے لیے بین الاقوامی معیار کے مطابق آپریشن کر رہی ہے جو ہماری فتح تک جاری رہے گا۔