تنزانیہ : شدید بارشوں، سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے 47 اموات، 85 زخمی

Published On 04 December,2023 10:56 am

ڈوڈوما: (ویب ڈیسک ) تنزانیہ کے شمالی حصوں میں شدید بارشوں ،سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 47 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہو گئے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ میں  ضلعی کمشنر جینتھ مایانجا کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت ڈوڈوما سے تقریباً 300 کلومیٹر شمال میں واقع شہر کاٹیش سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

تنزانیہ کے شمالی علاقے مانیارا میں علاقائی کمشنر ملکہ سینڈیگا سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے 47 اموات اور 85 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اموات میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے کی بہت سی سڑکیں کیچڑ، پانی اور اکھڑے ہوئے درختوں اور پتھروں نے بند کر دی ہیں۔

سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تصاویر میں کئی سیلاب زدہ مکانات اور گاڑیاں کیچڑ میں پھنسی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔

یاد رہے کہ مشرقی افریقہ غیر معمولی خشک سالی کا سامنا کرنے کے بعدایل نینو موسمی رجحان کے نتیجہ میں کئی ہفتوں سے طوفانی بارشوں اور سیلاب کی زد میں ہے ۔