بھارتی پارلیمنٹ میں اجلاس کے دوران نامعلوم افراد نے اراکین پر دھاوا بول دیا

Published On 13 December,2023 08:25 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی پارلیمنٹ میں اجلاس کے دوران نامعلوم افراد سخت سکیورٹی حصار کو توڑتے ہوئے ارکان اسمبلی کے ڈیسکوں تک پہنچ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد پولیس افسران کی دوڑیں لگ گئیں اور اراکین چھپنے پر مجبور ہوگئے، نامعلوم افراد نے توڑ پھوڑ کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور رنگین گیس پھینکی جس سے اسمبلی دھوئیں سے بھر گئی۔

پارلیمنٹ میں راہول گاندھی، مرکزی وزراء اور متعدد ارکان موجود تھے، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، لاکھوں افراد نے پارلیمنٹ میں اجنبی افراد کے داخل ہونے کی براہ راست کوریج ٹی وی پر دیکھی۔

یہ دونوں افراد مہمان گیلری سے چھلانگ لگا کر لوک سبھا چیمبر تک پہنچے، ارکان اسمبلی اس اچانک پڑی افتاد پر گھبرا گئے اور ڈیسکوں کے نیچے چھپنے کی کوشش کی،پارلیمنٹ میں گھسنے والوں نے زرد رنگ کی گیس چھوڑ دی جس سے اسمبلی ہال میں پیلے بادل چھا گئے اور افراتفری مچ گئی۔

پولیس نے اسمبلی ہال کے اندر سے دو افراد کو حراست میں لے لیا جب کہ دو کو پارلیمنٹ سے باہر گرفتار کیا گیا جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، سپیکر نے اجلاس کچھ دیر کے لیے ملتوی کردیا تاہم کچھ دیر وقفے کے بعد اجلاس کو دوبارہ شروع کردیا گیاْ

سپیکر اوم برلا نے مختصر رولنگ میں کہا کہ ہم اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور دہلی پولیس کو انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پارلیمنٹ میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔