واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم کو خبردار کیا ہے کہ غزہ کے شہریوں پر بلا امتیاز بمباری سے اسرائیل اپنی عالمی حمایت کھو رہا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل کو امریکا اور یورپی یونین کی حمایت حاصل ہے لیکن غزہ میں بچوں، خواتین اور نہتے شہریوں پر مسلسل بمباری سے وہ اپنی بین الااقوامی حمایت کھو رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انتخابی مہم کے لیے فنڈز جمع کرنے کی ایک تقریب سے خطاب میں جو بائیڈن نے اسرائیل کے اس مؤقف کی تائید کی کہ جنگ بندی سے حماس مضبوط ہوگی تاہم امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم کو صرف جنگجوؤں کو نشانہ بنانے کی تاکید کی۔
امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اپنی کابینہ کے سخت گیر ارکان کو تبدیل کرنے کا مشورہ بھی دیدیا جو بلاامتیاز بمباری جیسے انتہائی قدم اُٹھانے پر زور دیتے ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ نے بھی غزہ میں اسرائیلی بمباری میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار جنگ بندی کی مطالبہ کیا۔