برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی کے معروف سپورٹس برانڈ 'پوما' نے اگلے سال اسرائیل کی قومی فٹ بال ٹیم کو سپانسر نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جرمن سپورٹس ویئر فرم پوما کمپنی کے ترجمان کے مطابق اس اقدام کی منصوبہ بندی گزشتہ سال کی گئی تھی اور اس کا تعلق غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کے خلاف صارفین کے بائیکاٹ کی کالوں سے نہیں ہے۔
پوما کو طویل عرصے سے اسرائیل فٹ بال ایسوسی ایشن کے ساتھ اپنے برانڈ کے اتحاد پر بائیکاٹ کالز کا سامنا رہا ہے، لیکن غزہ میں اسرائیل کی دو ماہ سے جاری جارحیت کے دوران اس طرح کی کالز میں شدت آئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کو ای میل کیے گئے ایک بیان میں پوما کے ترجمان نے کہا کہ سربیا اور اسرائیل سمیت متعدد فیڈریشنوں کے ساتھ کمپنی کے معاہدے 2024 میں ختم ہونے والے ہیں اور ان کی تجدید نہیں کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ پوما جلد ہی کئی نئی نیشنل ٹیمز کے ساتھ معاہدوں کا اعلان کرے گا، پوما نے سب سے پہلے 2018 میں کھلاڑیوں کو کٹ فراہم کرنے کے لیے آئی ایف اے کے ساتھ اپنے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔