تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل کے وزیر دفاع یوآو گیلینٹ نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کا مقصد حماس کو صفحہ ہستی سے مٹانا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں اسرائیل کے وزیر دفاع یوآو گیلینٹ نے غزہ میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں اور بین الاقوامی برادری کی جنگ بندی کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے عزائم کھل کر بیان کیے۔
یوآو گیلینٹ نے سیز فائر پر کہا کہ یرغمالیوں کی واپسی اور غزہ میں حماس کے خاتمے تک فوجی کارروائیاں جاری رکھیں گے، اس میں کئی ماہ بھی لگ سکتے ہیں تاہم اسرائیل کا مستقل طور پر غزہ میں رہنے کا ارادہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ میں بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار کے قریب پہنچ گئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 48 ہزار سے زائد ہوگئی جب کہ مارے جانے والے اسرائیلیوں کی تعداد 1500 سے زائد ہے۔