ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا رہے گا تاکہ ایک منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے قابل اعتماد راستے کی تشکیل پر زور دیا جائے۔
عرب میڈیا کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز انسانی حقوق کونسل کے اجلاس جینیوا میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مملکت غزہ میں جاری مصائب کو مسترد کرتی ہے اور فوری جنگ بندی کی حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کی تلخ حقیقت بین الاقوامی سلامتی اور اقوام متحدہ کے اداروں کی ساکھ کو متاثر کرے گی۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے فوری جنگ بندی کے مطالبے کی حمایت اور اسرائیل کی جانب سے غزہ کے جنگ زدہ لوگوں کو خوراک اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
فیصل بن فرحان نے فلسطینیوں کو حق خودارادیت اور باوقار زندگی کا حق دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے حالات بین الاقوامی انسانی قانون کی واضح خلاف ورزیوں اور جینیوا کنونشنز کی خلاف ورزیوں کا کھلا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کے وزیر خاجہ شہزادہ فیصل بن فرحان گذشتہ روز اعلیٰ سطحی اجلاس کی قیادت کرتے ہوئے جنیوا پہنچے تھے جہاں انہوں نے نسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کی 75 ویں سالگرہ منانے کے لیے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔