غزہ : (ویب ڈیسک ) غزہ میں جنگ کے دوران اسرائیلی فوج کے ایک کرنل سمیت 10 فوجی مارے گئے ۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ ہلاکتیں گزشتہ روز ہوئی تھیں تاہم اسرائیلی فوج نے اعلان ایک روز بعد کیا ہے، ان دنوں اسرائیلی فوج بمباری کے علاوہ امریکی ساختہ مرکاوا ٹینکوں کے ساتھ غزہ پر حملہ آور ہے ، ان ٹینکوں کی مدد سے ہی اس نے غزہ کے اندر گنجان ترین آبادیوں کو اپنی جنگی کارروائیوں کا نشانہ بنایا ، صیہونی فوج گھر مسمار کرنے کے علاوہ مسلسل فلسطینیوں کو بے گھرکر رہی ہے۔
گزشتہ روز فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے ساتھ جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کو حالیہ دنوں کے دوران مقابلتاً زیادہ بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا ہے، اسرائیلی فوجی ترجمان نے غزہ کے اس علاقے کو ظاہر نہیں کیا ہے جہاں یہ خوفناک جھڑپ ہوئی۔
فوج کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ فوجی کرنل کا تعلق گولانی انفنٹری بریگیڈ سے تھا اور یہ اگلے محاذ پر لڑنے والی بریگیڈ ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے بحیرۂ احمر میں 4 جنگی جہاز بھی بھیج دیے ہیں ، عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں کی دھمکی کے بعد اسرائیلی جہاز بحیرۂ احمر میں تعینات کیے جائیں گے۔