غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیلی فوج کی قتل و غارت کا سلسلہ تھم نہ سکا، سکول پر بم برسا کر متعدد فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جبالیہ، شجائیہ اور بیت حنون کے اطراف میں شدید بمباری کی گئی جبکہ جنین کے علاقے میں بھی زمینی کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کر لی
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کی صورتحال لمحہ با لمحہ ابتر ہوتی جا رہی ہے، 7 اکتوبر کے بعد اسرائیلی کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار 608 ہو گئی، درجنوں ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں زمینی کارروائیوں کے دوران حماس کے ساتھ جھڑپوں میں مزید 10 اسرائیلی فوجی مارے گئے جبکہ 2 مغوی فوجیوں کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں، اسرائیلی فوج نے اپنے فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
ایک روز میں مارے گئے اسرائیلی فوجیوں میں لیفٹیننٹ کرنل، میجر اور کیپٹن بھی شامل ہیں، غزہ میں زمینی کارروائیوں کے دوران حماس کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں اب تک 105 اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں۔