غزہ: (ویب ڈیسک) غزہ میں جاری بارشوں کے باعث جنگ سے متاثر ہونے والے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث بے گھر ہونے والے غزہ کے ہزاروں فلسطینی خاندان عارضی کیمپوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں، تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارش نے خیموں میں رہائش پذیر فلسطینیوں کو مزید امتحان میں ڈال دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی غزہ میں بے گھر افراد کے خیموں میں بارش کا پانی داخل ہو گیا جس کے باعث ان کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، عارضی کیمپوں میں پہلے ہی گنجائش سے زیادہ افراد موجود ہیں اور پھر سیوریج کا نظام نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے، بارش کے باعث وبائی امراض تیزی سے پھیلنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں وبائی امراض پھیل رہے ہیں، بے گھر 19 لاکھ افراد میں سے 3 لاکھ 60 ہزار افراد وبائی امراض سے متاثر ہوئے ہیں، اقوام متحدہ کے ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ کے لوگ گردن توڑ بخار، چکن پاکس، یرقان اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔