سلامتی کونسل قرارداد کے باوجود اسرائیلی فضائیہ کی غزہ پربمباری، متعدد فلسطینی شہید

Published On 23 December,2023 10:04 am

غزہ : (دنیانیوز/ویب ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی فضائیہ نے ہسپتالوں اور جبالیہ کیمپ پر تباہ کن بمباری کی جس کے نتیجے میں 16سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بربریت تھم نہ سکی ، اسرائیلی فضائیہ نے العودے ہسپتال کو جانے والے راستے پر بمباری کی جس سے متعدد فلسطینی شہید ہوگئے، سڑک پرنشانہ بننے والے فلسطینیوں کی لاشیں بکھری پڑی ہیں ، بمباری سے انڈونیشیاہسپتال کا بڑا حصہ تباہ ہوگیا جس سے شہادتوں کا خدشہ ہے ۔

اسرائیلی فوج نے جبالیہ کیمپ پر تباہ کن بمباری کی جس کے نتیجے میں 16سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں ، جبالیہ میں فلسطینی وزارت صحت کےجنرل ڈائریکٹر کے گھر پر حملے میں بیٹی شہید جبکہ منیر البروش زخمی ہوگئے ۔

ادھر ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس بغیر کسی شرط کے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے۔

ڈینیل ہگاری نے نیوز کانفرنس میں  مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اسرائیلیوں کی رہائی میں کردار اداکرے، اسرائیلی مغوی جلدی رہا ہونے چاہئیں،تاکہ ان کی طبی ضروریا ت پوری کی جا سکیں۔

دوسری جانب سلامتی کونسل نے غزہ کی پٹی میں فلاحی امداد کی فراہمی کی قرارداد منظور کرلی ہے، قرارداد میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے پائیدار حالات کے قیام کی بات کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اقوام متحدہ: غزہ میں امدادی کارروائیوں میں تیزی سے متعلق قرار داد منظور

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ میں امداد سے متعلق اقوامِ متحدہ کی قرارداد ناکافی قرار دے دی، حماس کا کہنا ہے کہ یو این قرارداد غزہ میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ نہیں کرسکتی۔

اس حوالے سے فلسطینی سفیر کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی قرارداد درست سمت کی جانب قدم ہے، قرارداد پر عمل درآمد اور فوری جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالا جانا چاہیے۔

اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور زمینی کارروائیوں کے نتیجے میں فلسطینیوں کی اموات تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور اسرائیلی حملوں کی بین الاقوامی مذمت میں اضافہ ہوا رہا ہے حتی کہ امریکہ نے بھی اسرائیل سے عام شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے شروع ہونے لڑائی کے 77 ویں دن تک اسرائیلی حملوں میں 20057 فلسطینی شہید اور 53,320 زخمی ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ کی لڑائی میں اس کے 784 فوجی اور افسران زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 180 کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ روز اسرائیل نے البریج کے مشرقی علاقوں میں ٹینکوں سے بمباری بھی کی، اسرائیلی فوج نے البریج سے فلسطینیوں کو نکال جانے کا بھی حکم دیا۔