انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو حالیہ دور کا ہٹلر قرار دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انقرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ نیتن یاہو ہٹلر سے مخلتف نہیں ہے، ہٹلر نے دہائیوں پہلے یورپ میں جو کچھ کیا، اسرائیلی وزیراعظم غزہ میں اس سے کچھ کم نہیں کر رہا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو تو اتنا امیر ہے جتنا ہٹلر بھی نہیں تھا، اس کو مغربی حمایت مل رہی ہے، امریکا کی ہر قسم کی مدد حاصل ہے اور نیتن یاہو نے ان ساری حمایتوں اور مدد کے ساتھ 20 ہزار سے زیادہ فلسطینیوں کو مار دیا۔
واضح رہے 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے 20 ہزار 977 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 54 ہزار 536 افراد زخمی ہوئے ہیں، شہدا اور زخمیوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔