لاہور : (ویب ڈیسک ) سال نو کے موقع پر دنیابھر میں جہاں جشن منایا گیا وہیں فلسطین میں قیام امن کے لیے دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے، مظاہرین نے نئے سال کے موقع پر عالمی مہم شروع کی جس میں لوگوں سے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی غزہ میں وحشیانہ بمباری کو روکنے اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے کے لیے نئے سال کے موقع پر سوئٹزرلینڈ، ترکی، ملائیشیا، آسٹریلیا، تنزانیہ، میکسیکو اور جرمنی سمیت دنیا بھر کے 30 سے زائد ممالک میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی Countdown2ceasefire کے ہیش ٹیگ سے مہم چلائی گئی۔
لاہور میں لوگ فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے سڑکوں موٹر سائیکلوں ریلی نکالی۔
بغداد کے تحریر اسکوائر میں غزہ میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کرسمس ٹری کو کفن سے سجایا گیا۔
ترکیہ کے شہر استنبول میں مظاہرین امریکی قونصل خانے کے باہر جمع ہوئے ، احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم 2024 میں میں داخل ہو رہے ہیں، اس سال ہم غزہ میں مستقل جنگ بندی کی امید کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ 7اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 21ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ 56ہزار سے زائد زخمی ہیں۔