واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے بیلسٹک میزائل شمالی کوریا سے منتقل کرنے کے الزام پر 3 روسی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
غیرملکی رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے بین البراعظمی میزائل کے تجربے اور ان میزائلوں کی منتقلی میں مبینہ طور پر تین روسی اداروں نے کردار ادا کیا جس کی پاداش میں ان اداروں اور ایک شخص پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
امریکا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائلوں کو روس اپنے حریف یوکرین کے خلاف جنگ میں استعمال کرنا چاہتا ہے، میزائل 30 دسمبر اور 2 جنوری کو روس میں نصب کیے گئے ہیں۔
امریکا کی جانب سے روسی اداروں کیخلاف پابندیوں کا اعلان واشنگٹن اور اس کے اتحادی ممالک کی جانب سے شمالی کوریا اور روس کے درمیان ہتھیاروں کے تبادلے پر تنقید کے بعد سامنے آیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کی فراہمی سے روس کی عسکری جارحیت کو تقویت ملے گی، اقدام سے یوکرینی عوام کے مصائب میں اضافہ ہوگا اور اس سے ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدوں کی بھی خلاف ورزی ہوگی۔
واضح رہے کہ فروری 2022 میں یوکرین کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد سے روس اور شمالی کوریا کے درمیان تعلقات مضبوط ہوئے ہیں تاہم دونوں ممالک کی جانب سے ہتھیاروں کی خرید و فروخت کے معاہدوں کی نفی کی گئی ہے۔