برسلز: (ویب ڈیسک) یورپی یونین میں شامل ممالک کی جانب سے روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی باقاعدہ طور پر منظوری دے دی گئی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی یونین میں شامل ممالک نے روس کیخلاف پابندیوں کے 13 ویں پیکیج پر اتفاق کر لیا ہے جو 24 فروری سے نافذ العمل ہو گا۔
یورپی یونین کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کے سفیروں نے یوکرین کیخلاف روس کی جارحیت کے فریم ورک میں پابندیوں کے 13ویں پیکیج پر اصولی طور پر اتفاق کیا، پیکیج یورپی یونین کی طرف سے منظور شدہ وسیع ترین پیکجز میں سے ایک ہے، روس کیخلاف پابندیوں کا یہ پیکیج 24 فروری کو باضابطہ طور پر منظور کیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پیکیج میں تقریباً 200 افراد اور قانونی اداروں کو نہ صرف روس، چین، ایران اور شمالی کوریا سمیت متعدد روسی پارٹنر ریاستوں سے بزنس کیلئے بلیک لسٹ کرنا شامل ہے، یورپی یونین کو ان ریاستوں پر مغربی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ماسکو کے اقتصادی اقدامات میں حصہ لینے کا شبہ ہے۔
یورپی یونین کے مطابق وزارتی سطح پر یورپی یونین کونسل کی طرف سے منظوری کے بعد پابندیاں لاگو ہونے کیلئے یورپی یونین کے آفیشل جرنل میں شائع ہونا ضروری ہے۔