دبئی: (ویب ڈیسک) عرب ممالک میں 10 مارچ کو رمضان کا چاند نظر آنے پر پہلا روزہ 11 مارچ بروز پیر کو ہونے کا قوی امکان ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ عرب ممالک میں اتوار 10 مارچ کو رمضان کا چاند نظر آنے کا امکان ہے، 11 فروری اتوار سے شعبان کا مہینہ شروع ہوا اور اتوار 10 مارچ کو 29 شعبان ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ 10 مارچ کو چاند سورج سے کافی قریب ہو گا جس کی وجہ سے کچھ عرب ممالک میں اتوار کو چاند دیکھا جا سکے گا اور 11 مارچ پیر کو یکم رمضان کا آغاز ہو سکتا ہے، پیر 11 مارچ کو تمام اسلامی ممالک میں چاند باآسانی دیکھا جا سکے گا۔
دوسری جانب سعودی عرب میں بھی رمضان المبارک کے دوران عمرہ زائرین کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اس مقصد کیلئے عمرہ سیزن کے حوالے سے زائرین کی خدمت کیلئے مرتب کیے جانے والے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
سعودی معاون وزیر صحت ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ رمضان کے دوران اندورن اور بیرون مملکت سے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین آتے ہیں، ماہ مبارک میں جامع پروگرام مرتب کیا گیا ہے جس کے تحت وزارت کے اضافی کارکنوں کو مقدس شہروں میں تعینات کیا جائے گا۔
واضح رہے رمضان المبارک اور حج سیزن کے دوران وزارت صحت کی جانب سے عمرہ زائرین اور عازمین حج کو صحت کی خدمات کی فراہمی کیلئے ہوائی اڈوں اور بری سرحدی چوکیوں پر اضافی اہلکاروں کو تعینات کیا جاتا ہے۔