پاکستان پریس کلب برطانیہ کی جنرل کونسل کا اجلاس، انتخابات کی تاریخ پر اتفاق

Published On 22 March,2024 08:24 pm

لندن: (دنیا نیوز) پاکستان پریس کلب برطانیہ کی جنرل کونسل کا آن لائن اجلاس زیر صدارت مرکزی صدر پریس کلب شیراز خان منعقد ہوا۔

اجلاس میں پریس کلب کے سابق صدر ارشد رچیال، سینئر نائب صدر مسرت اقبال، سابق سینئر نائب صدر چودھری اکرم عابد، مرکزی نائب صدر اسرار راجہ، سیکرٹری فنانس عدیل خان، سیکرٹری اطلاعات عمران راجہ، سابق نائب صدر آفتاب بیگ، ایگزیکٹو ممبران راجہ لیاقت حسین، جمیل منہاس، ساجد عزیز نے شرکت کی۔

اجلاس میں پانچوں برانچز کے صدور جن میں لوٹن برانچ کے صدر اسرار خان، برمنگھم برانچ کے صدر ربنواز چغتائی، سیکرٹری جنرل عابد کاظمی، مانچسٹر برانچ کے صدر ماجد نذیر، سیکرٹری جنرل اسحاق چودھری، شیفیلڈ برانچ کے صدر شفقت مرزا، یارکشائر برانچ کے صدر حسیب ارسلان، سیکرٹری اطلاعات قاسم علی اور ممبر افتخار کلوال و دیگر نے شرکت کی، اجلاس کی نظامت کی فرائض مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان پریس کلب برطانیہ زاہد نور نے سرانجام دیئے۔

اجلاس میں صدر پریس کلب شیراز خان نے منتخب باڈی کا ایک سال مکمل ہونے پر موجودہ عہدیداران اور ممبران کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور پریس کلب کے لیے اُن کے کردار کی تحسین کی گئی۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل زاہد نور کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اجلاسوں کی کارروائی اور دیگر امور پر پیشہ ورانہ طور پر احسن طریقے سے سرانجام دئیے، اجلاس میں بانی صدر مبین چودھری مرحوم کو تمام ممبران اور عہدیداروں کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اُن کے ایصال ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی۔

اجلاس میں سابق صدر ارشد رچیال اور سینئر نائب صدر چودھری اکرم عابد نے موجودہ باڈی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، اُن کا کہنا تھا کہ پریس کلب کی یہ روایت رہی ہے کہ یہاں ہر سال الیکشن کا انعقاد کیا جاتا ہے اور پریس کلب اپنی جمہوری روایات کو ہر صورت قائم رکھے گا۔

اس موقع پر سال 2024 کے انتخابات کے لیے 21 اپریل 2024 کی تاریخ متفقہ طور پر طے پائی، جبکہ صدر شیفلڈ برانچ شفقت مرزا کی جانب سے آئندہ انتخابات کو دسمبر کے بجائے اپریل یا مئی کے مہینے میں کروانے کی قرارداد پیش کی گئی جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔

اجلاس میں صدر یارکشائر برانچ حسیب ارسلان کی جانب سے سوشل میڈیا پر کام کرنے والے صحافیوں کو رُکنیت دینے کے حوالے سے تجویز بھی پیش کی گئی جس کو صدر پریس کلب شیراز خان نے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ایجنڈے میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں پانچوں برانچز کے صدور کی جانب سے الیکشنز کے انعقاد اور جمہوری عمل کو جاری رکھنے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔

الیکشن کی حتمی تاریخ کے تعین کے بعد آئندہ چند روز میں الیکشن کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا جائے گا، جس میں تمام اہل ممبران کو انتخابات میں حصہ لینے کا حق حاصل ہو گا۔