ماسکو: (دنیا نیوز) روس کے نائب وزیر دفاع کو کرپشن کرنے کے الزامات کے تحت حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے انسداد بدعنوانی کے حکام نے نائب وزیر دفاع تیمور ایوانوف کو رشوت لینے کے شبہ میں گرفتار کیا، اعلیٰ عہدیدار کی گرفتاری یوکرین میں جارحیت کے دوران ایک غیر معمولی اقدام ہے، صدر ولادیمیر پوٹن کو حراست بارے مطلع کر دیا گیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خصوصی کمیٹی نے بتایا ہے کہ روسی فیڈریشن کے نائب وزیر دفاع تیمور وادیمووچ ایوانوف کو ضابطہ فوجداری کے آرٹیکل 290 کے سیکشن 6 کے تحت جرم کرنے کے شبے میں حراست میں لیا گیا ہے۔
تیمور ایوانوف فوجی تنصیبات کی تعمیر کے انچارج اور وزارت دفاع کے اعلیٰ عہدیدار کے طور پر یورپی یونین کی پابندیوں کی زد میں ہیں، وہ 2022ء میں آنجہانی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی کی اینٹی کرپشن فاؤنڈیشن کی طرف سے شائع ہونے والی تحقیقات کا موضوع تھے۔
اپوزیشن کی شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نائب وزیر دفاع نے یوکرین کے ماریوپول میں تعمیراتی منصوبوں کی نگرانی کی اور ان سے فائدہ اٹھایا جو ایک ماہ کے طویل محاصرے کے بعد ماسکو کے کنٹرول میں آ گیا۔