تہران : (دنیانیوز/ ویب ڈیسک ) ایران کی کابینہ نے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہلاکت کے بعد ان کے نائب علی باقری کنی کو عبوری وزیرِ خارجہ مقرر کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی کابینہ نے یہ فیصلہ ایرانی حکومت کی تین شاخوں، انتظامیہ، مقننہ اور عدلیہ کے اعلیٰ ترین افسران کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل ایران کے سپریم لیڈر نے اول نائب صدر محمد مخبر کو ملک کا عبوری صدر بنایا گیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:محمد مخبردو ماہ کیلئے ایران کے عبوری صدر مقرر، ایران میں پانچ روزہ سوگ
محمد مخبر اب تقریباً دو ماہ کے عرصے کے لیے ملک کے عبوری صدر رہیں گے اور اس دوران 50 دن کے اندر اندر ملک کے نئے صدر کا انتخاب ہو گا۔
ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال پر ملک میں پانچ روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گزشتہ روز آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپس آتے ہوئے موسم کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام جاں بحق ہوگئے۔