واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکی اخبارنے انکشاف کیا ہے کہ رفح میں پناہ گزین کے خیموں پر اسرائیلی حملے میں امریکی ساختہ بم استعمال کیا گیا ہے ۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے کہا ہے کہ رفح پر حملے میں امریکی ساختہ بم استعمال ہوئے ہیں ، اخبار کے مطابق حملے کے ایک رو ز بعد جائے وقوعہ پر جی بی یو 39کی باقیات ملی ہیں۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس بم کی شناخت ملبے میں پائے جانیوالے عناصر کی بدولت ہوئی، بم کے ٹکڑوں کو نمبروں کی سیریز سے بھی شناخت کیا گیا، امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ نمبروں کی سیریز امریکی ریاست کولوراڈو کی اسلحہ کمپنی کو دیے گئے کوڈ کی ہے۔
اس حوالے سے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ رفح حملے میں ہمارے ہتھیار استعمال ہوئے یا نہیں، تصدیق نہیں کرسکتا۔
یہ بھی پڑھیں:غزہ میں جنگ مزید 7 ماہ تک جاری رہ سکتی ہے : اسرائیل
اتوار کی شب اسرائیلی فوج نے اقوام متحدہ کی جانب سے محفوظ قرار دیے گئے بے گھر فلسطینیوں کی خیمہ کیمپ پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے تھے ۔
فلسطینی حکام کا کہنا تھا کہ رفح میں کیمپ پر 900 کلو سے زائد وزنی بموں کا استعمال کیا گیا۔
دوسری جانب عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ پر اسرائیلی بمباری سے کیمپوں میں موجود مزید 37 فلسطینی شہید ہوگئے ، جس کے بعد 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 36ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔