سعودی ولی عہد سے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی ملاقات

Published On 13 June,2024 08:44 am

جدہ : (ویب ڈیسک ) سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا خیرمقدم کیا ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی سرکاری خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہونیوالی ملاقات میں دونوں دوست ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا جائزہ اور یوکرینی بحران کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی ولی عہد نے بحران کے حل کیلئے تمام بین الاقوامی کوششوں کے حوالے سے مملکت کی خواہش اور حمایت کا اعادہ کیا، بحران کے نتیجے میں انسانی اثرات کو کم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یوکرینی صدر نے ممملکت کا دورہ کرنے اور سعودی ولی عہد سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، نیشنل گارڈ کے وزیر شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بھی موجود تھے۔

یاد رہے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی بدھ کو سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔