روم: (دنیا نیوز) جی 7 ممالک کے سربراہان نے روس کے منجمد اثاثوں سے یوکرین کو 50 ارب ڈالر کی قرض ڈیل دینے پر اتفاق کر لیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی میں جی 7 ممالک کے سربراہی اجلاس کا آغاز ہو گیا، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے مسلسل دوسرے سال جی 7 اجلاس میں شرکت کی، اس دوران یوکرینی صدر امریکا اور جاپان کیساتھ نئے سکیورٹی معاہدوں پر دستخط کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: حج سیزن : سعودی ولی عہد کی جی 7 سربراہی اجلاس میں شرکت سے معذرت
رپورٹس کے مطابق جی 7 کے سربراہی اجلاس کے دوران رکن ممالک نے یوکرین کی حمایت کیلئے 50 ارب ڈالر کی قرض ڈیل پر اتفاق کیا ہے، ڈیل کے تحت یوکرین کو قرض روس کے بیرون ملکوں میں منجمد اثاثوں سے حاصل کردہ سود سے دیا جائے گا۔
عالمی رہنماؤں کی جانب سے یوکرین کو قرض ڈیل دینے کا فیصلہ جی سیون کے سالانہ سربراہی اجلاس کے افتتاحی دن پر کیا گیا، روس کے دیگر ممالک میں موجود اثاثوں کو 2022ء میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد منجمد کر دیا گیا تھا۔