ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حج سیزن کی نگرانی سے متعلق اہم مصروفیت کی بنا پر جی سیون سربراہی اجلاس میں شرکت سے معذرت کرلی۔
سعودی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کو پیغام بھیجا ہے کہ جس میں اُمورِ حج کی نگرانی سے متعلق ذمہ داریوں کی بنا پر سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کر سکنے پر معذرت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جی سیون اجلاس کا آغاز اٹلی میں اس جمعہ سے ہو رہا ہے، جی 7 گروپ اقتصادی فورم ہے جس میں کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکا شامل ہیں، گروپ کا اجلاس اٹلی میں کل سے ہوگا جس میں سعودی ولی عہد کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ 14 جون کو شروع ہونے والے اسلام کے اہم رکن ’’حج‘‘ کی ادائیگی کے سلسلے میں لئے 10 لاکھ سے زائد عازمین سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں موجود ہوں گے، جو مشاعر مقدسہ میں پانچ دن تک مختلف مناسک ادا کریں گے۔