ریاض :(ویب ڈیسک )سعودی عرب بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے تعاون سے مختلف شعبوں میں جوہری توانائی کے پر امن استعمال کو فروغ دے رہا ہے، کنگ عبداللہ سٹی نے جوہری ری ایکٹر کے نظام کو چلانے کے لیے اپنی نوعیت کے پہلے عملی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پروگرام 26 مئی سے شروع ہوکر 6 جون 2024 کو اختتام پذیر ہوگیا، پروگرام کا اہتمام کنگ عبدالعزیز سٹی برائے سائنس اور ٹیکنالوجی اور ارجنٹائن کی کمپنی انفاب کے مشترکہ تعاون سے کیا گیا تھا۔
پروگرام شہر کی انسانی صلاحیت کو مزید قابلیت دینے میں دلچسپی کے فریم ورک کے اندر پیش کیا گیا، پروگرام کے شرکا کو جوہری ری ایکٹرز کے آپریشن اور ان کی نقل سے متعلق موضوعات پر ضروری معلومات فراہم کی گئیں،شرکا کو ان کے نظام کے بارے میں سیکھنے، جوہری ری ایکٹرز کے آپریشنل طریقہ کار کو نافذ کرنے اور پریزنٹیشن سمولیشن سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے جوہری سلامتی اور حفاظت کے طریقہ کار کے متعلق بتایا گیا۔
پروگرام میں 9 سرکاری ایجنسیوں کی نمائندگی کرنے والے سائنس اور انجینئرنگ کے شعبوں کے ماہرین کے 30 سے زیادہ تربیت یافتہ افراد نے حصہ لیا، پروگرام میں جوہری ری ایکٹر کے نظام اور ذیلی نظام سے متعلق بہت سے موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔
واضح رہے جوہری توانائی کی طرف سعودیہ کا یہ اقدام مشرق وسطیٰ کے خطے میں توانائی کے ذرائع کو متنوع بنانے کے لیے جوہری ری ایکٹر استعمال کرنے کے وسیع تر تناظر میں آتا ہے۔