مکہ المکرمہ: (ذیشان یوسفزئی) سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس مرتبہ سمارٹ حج کی طرف ڈیجٹیلائزیشن کا اہم اقدام اٹھا لیا۔
سمارٹ حج ڈیجٹیلائزیشن کے تحت ایک کارڈ تیار کیا گیا ہے اور اس کے ذریعے حرم کی حدود میں داخلہ ممکن ہو گا، اس کارڈ کو "نسک" کارڈ کہا جاتا ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ حکام کے مطابق اس منصوبے کا اجراء اس مرتبہ حج سیزن کے لیے کیا گیا ہے اور یہ ایک انتہائی اہم اور ضروری پروجیکٹ ہے۔
نسک کارڈ میں مختلف سکیورٹی فیچرز شامل ہیں، سکیورٹی فیچرز کو ڈیجیٹلی اور فیزکلی اس میں ڈال دیا گیا ہے جس کی مدد سے کارڈ کی تصدیق ہو گی اور کارڈ کا حامل فرد ہی آگے جا سکے گا۔
نسک کارڈ میں گائیڈنس اور سپورٹ کی سہولیات بھی شامل ہیں جو حاجیوں کی دوران حج گم ہونے کی صورت میں مدد کرے گی، مقدس مقامات پر جانے کے لیے نسک کارڈ میں الگ سے خصوصیات ہیں جو بھی لوگ مقدس مقامات پر جارہے ہوں گے ان کے پاس کارڈ کا ہونا ضروری ہے۔
عازمین حج کے پاس بس میں چڑھتے وقت بھی کارڈ کا ہونا لازمی ہے بصورت دیگر وہ بس میں نہیں جاسکیں گے، حج کے دوران نصب شدہ سمارٹ گیٹس کو نسک کارڈ کے ذریعے ہی عبور کیا جاسکے گا۔
حکام نے مزید بتایا ہے کہ تمام حجاج کو نسک کارڈ فراہم کیا جارہا ہے، کوئی بھی حاجی اس کارڈ کے بغیر نہیں ہو گا، اب تک جو عازمین حج مکہ پہنچے ہیں ان میں موجود 95 فیصد افراد کو کارڈز دیئے جا چکے ہیں۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ باقی رہ جانے والوں کو بھی نسک کارڈز دیئے جارہے ہیں اور اس کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں، حاجیوں کو چند گھنٹے میں کارڈ فراہم کیا جاتا ہے، اگر کس حاجی سے کارڈ کی ہارڈ کاپی گم ہو جاتی ہے تو نسک ایپ کے ذریعے وہ اپنے کام پورے کرسکے گا۔