ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب نے لازمی حفاظتی ویکسینیشن مکمل نہ کرانے والے 150 مقامی عازمینِ حج کے پرمٹ منسوخ کردیے۔
سعودی میڈیا کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ رواں سال حج سیزن کے دوران مقامی عازمین میں ویکسینیشن کی شرح 99 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
سعودی وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کے مہمانوں کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے تاکہ زائرین صحت مند حالت میں اپنی دینی رسومات ادا کر سکیں۔
سعودی وزارت صحت نے متعدی بیماریوں سے زائرین کے تحفظ کو یقینی بنانے اور مقدس مقامات پر صحت کے حوالے سے اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ کوششیں کرنے پر بھی زور دیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق وزارت صحت نے پہلے ہی ویکسی نیشن کے حوالے سے انتباہ جاری کردیا تھا۔