مکہ مکرمہ : (ویب ڈیسک ) عازمین حج مناسک حج کے اگلے مرحلے میں میدان عرفات پہنچ گئے۔
مناسک حج کے پہلے مرحلے میں لبیک اللھم لبیک تلبیہ کا ورد کرتے حجاج کرام سنت رسول ﷺ زندہ کرتے ہوئے منیٰ میں یوم ترویہ کے لیے جمع ہو گئے ہیں، عرفات میں فضا کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے فواروں کا استعمال کیا گیا ہے۔
عمرہ مکمل کرنے والے عازمین مکہ کے اندر ہوں یا باہر اپنی جگہوں پر احرام باندھ کر نکلتے ہیں، نو ذی الحج کو طلوع آفتاب تک وہاں رہتے ہیں ، عازمین حج جبل رحمہ اور مسجد نمرہ کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
عازمین حج میدان عرفات میں خطبہ حج سنیں گے اور نماز ظہر اور عصر قصر کر کے ادا کریں گے۔
مسجدالحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر ماہربن حمد خطبہ حج دیں گے، جس کا ترجمہ اردو سمیت 50 زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔
میدان عرفات کا مکہ مکرمہ سے فاصلہ 21 کلو میٹرکے قریب ہے جو مکہ سے مشرق کی جانب طائف کے راستے میں واقع ہے، حج مقامات میں میدان عرفات وہ واحد مقام ہے جو حدود حرم سے باہر ہے۔
مشاعر مقدسہ ٹرین سروس کے ذریعے حجاج کو میدان عرفات سے مزدلفہ کے میدان میں پہنچایا جائے گا جہاں وہ کھلے آسمان تلے رات بسر کریں گے اور نماز فجر ادا کرتے ہی منیٰ کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔