رواں برس فریضہ حج ادا کرنیوالی دنیا بھر کی معروف شخصیات

Published On 14 June,2024 11:44 am

ریاض : (ویب ڈیسک ) رواں برس دنیا بھر سے 15 لاکھ سے زائد مسلمان حج کی ادائیگی کیلئے مکہ اور مدینہ کے مقدس شہر پہنچے ہیں۔

8 ذوالحج 1445ھ بمطابق 14 جون 2024 بروز جمعہ حج کے آغاز کے ساتھ ہی عازمین مکہ کے قریب منیٰ کی خیمہ بستی میں جمع ہوں گے۔

دنیا کی متعدد معروف شخصیات بھی اپنے عقیدے سے جڑے رہنے اور رضائے الہیٰ کیلئے حج کی سعادت حاصل کرنے مکہ مکرمہ پہنچی ہیں۔

ان معروف شخصیات میں بھارت کی سابق ٹینس کھلاڑی اور ڈبلز کی عالمی نمبرون ثانیہ مرزا ، یونائیٹڈ فائٹنگ چیمپئن شپ کے لائٹ ویٹ چیمپئن اسلام میخاشیف، نیوزی لینڈ کے ہیوی ویٹ باکسر اور سابق پیشہ ور رگبی کھلاڑی سونی بل ولیمز شامل ہیں ۔

اس روحانی سفر کے آغاز پر بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا کے ایکس اکاؤنٹ پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’مجھے حج کے عظیم الشان سفر پر جانے کا موقع ملا ہے، زندگی بدل دینے والے سفر پر روانہ ہو رہی ہوں اور عاجزی کے ساتھ آپ سب سے معافی کی طلبگار ہوں۔

اسلامک ریلیف انگلینڈ کے سکالر حسیب نور نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر مکسڈ مارشل آرٹ چیمپئن اسلام میخاشیف کے ساتھ یادگاری تصویر پوسٹ کی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ملائیشیا میں مقیم معروف بھارتی اسلامی خطیب ڈاکٹر ذاکر عبدالکریم نائیک، پاکستان سے میزبان اور سابق اداکارہ ندا یاسر اور پاکستانی اداکارہ، فلم ڈائریکٹر و پروڈیوسر ریما خان بھی حج کرنے کیلئے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں ۔

پاکستان کی معروف اداکارہ ریما خان حج سے قبل مدینہ پہنچی تھیں، جہاں سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ریما خان نےمداحوں کو بتایا کہ وہ جمعہ کی صبح مدینہ پہنچی ہیں۔‘

اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں حج انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے وزیر حج توفیق الربیعہ نے انہیں اہل خانہ کے ہمراہ حج کی سعادت کے لیے مدعو کیا ہے۔