غزہ : (ویب ڈیسک ) غزہ کی پٹی میں دیر البلح شہر کی بلدیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں ایندھن ختم ہو جانے کے سبب سیوریج پمپوں نے کام کرنا بند کر دیا، اس کے نتیجے میں بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خدشہ ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے سبب ہزاروں افراد نے دیر البلح میں پناہ لی ہوئی ہے، مقامی حکام نے "صحت اور ماحول سے متعلق سنگین خطرے " سے خبردار کیا ہے، اس سے شہر میں بسنے والے 7 لاکھ سے زیادہ افراد کو خطرے کا سامنا ہو گا۔
دیر البلح کی بلدیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر آئندہ چند گھنٹوں میں مطلوبہ ایندھن فراہم نہ ہوا تو شہر کی سڑکیں گندے پانی میں ڈوب جائیں گی۔
دیر البلح کی بلدیہ میں ہنگامی کمیٹی کے سربراہ اسماعیل صرصور کے مطابق شہر میں 19 کنوئیں ور پانی کے دو بڑے ٹینک کام کرنا بند کر چکے ہیں، اس کی مرکزی وجہ سولار ایندھن کا عدم انتظام ہے،مذکورہ تنصیبات کے ذریعے 140 سے زیادہ پناہ کے مراکز کو خدمات فراہم کی جا رہی تھیں۔
اسماعیل صرصور اور ماہرین کے مطابق متاثرہ انفراسٹرکچر کی درستی کے لیے لازمی طور پر مطلوب پرزہ جات کی شدید قلت ہے۔
دوسری جانب غزہ کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں 50 سے زائد فلسطینی شہری شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔