غزہ: (دنیا نیوز) غزہ کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں 50 سے زائد فلسطینی شہری شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ شہر کی جنوبی سرحد رفح میں ایک گھر پر فضائی حملہ کیا گیا جس میں 5 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ خان یونس کے قریب ایک اور کارروائی میں میاں بیوی دو بچوں سمیت جاں بحق ہوئے ہیں، جنوبی غزہ میں خان یونس کے مقام پر کار پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 17 افراد شہید اور 26 زخمی ہو گئے۔
حکام نے بتایا کہ کچھ گھنٹوں بعد اقوامِ متحدہ کے تحت چلائے جانے والے سکول میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں 23 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے، شہداء میں مقامی صحافی محمد میشمش بھی شامل ہے، تنازع کے دوران مارے جانے والے صحافیوں کی تعداد 160 تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب حماس نے حالیہ اسرائیلی حملوں کو عرب ممالک اور امریکا کی سیز فائر معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے، یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک ہونے والے حملوں کے نتیجے میں شہید بچوں کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کر گئی۔