ریاض: (دنیا نیوز) اسرائیل کی جانب سے غزہ میں تازہ حملے میں درجنوں فلسطینیوں کی شہادت پر سعودی عرب نے ردعمل دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے تازہ ترین کارروائی میں جنوبی غزہ کے خان یونس میں پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں 100 کے قریب افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، سعودی عرب نے فلسطینی عوام کی نسل کشی، قتل عام کی سخت مذمت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ :سفاکیت کی نئی داستانیں رقم، اسرائیلی فضائی حملے میں مزید71فلسطینی شہید
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں فوری اور مستقل جنگ بندی اور تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نہتے شہریوں کو تحفظ فراہم کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی انسانی قوانین اور قانونی قراردادوں کی مسلسل اسرائیلی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بین الاقوامی احتسابی میکانزم کو فعال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
علاوہ ازیں رابطہ عالم اسلامی نے بھی اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے خان یونس میں قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے غزہ میں جاری تشدد کو روکنے کیلئے بین الاقوامی برادری کی مداخلت کی فوری ضرورت پر زور دیا۔