لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم نے لیبر حکومت کی نئی برطانوی پارلیمنٹ کا افتتاح کر دیا۔
پارلیمنٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب میں شاہ چارلس نے لیبر حکومت کے ایجنڈے کا اعلان کیا، شاہ چارلس نے فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت جاری رکھنے اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی کوششوں میں کردار ادا کرنے کےعزم کا اظہار کیا۔
شاہ چارلس کا کہنا تھا ہماری حکومت خودمختار فلسطینی ریاست اور محفوظ اسرائیل کے ساتھ دو ریاستی حل کے لیے پُرعزم ہے اور مشرق وسطیٰ میں طویل مدتی امن و سلامتی کی کوششوں میں کردار ادا کرے گی۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں 4 جولائی کو منعقد ہونے والے انتخابات میں لیبر پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی اور کنزرویٹو پارٹی کا 14 سالہ دور اقتدار اپنے اختتام کو پہنچا، لیبر پارٹی کی فتح کے بعد پارٹی کے سربراہ سر کئیر اسٹارمر برطانیہ کے نئے وزیر عظم بن گئے۔