مشی گن: (دنیا نیوز) امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں نے تو جمہوریت کیلئے گولی کھائی، اس کیلئے خطرہ کیسے ہو سکتا ہوں۔
مشی گن میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا ڈیموکریٹ پارٹی کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں تو یہ تک پتہ نہیں کہ ان کا صدارتی امیدوار کون ہے، ایک شخص نے ووٹ لئے مگر وہ اسے امیدوار بنانا نہیں چاہتے، ڈیموکریٹ پارٹی جمہوری جماعت نہیں بلکہ یہ جمہوریت کی دشمن ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کہا جا رہا ہے میں جمہوریت کیلئے خطرہ ہوں، میں نے تو جمہوریت کیلئے گولی کھائی ہے، میں جمہوریت کیلئے خطرہ کیسے ہو سکتا ہوں؟ جوبائیڈن امریکا کی تاریخ کا ناکام ترین صدر ہے۔
سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ حقیقی قیادت ہو تو جوبائیڈن کا پیدا کردہ ہر بحران حل کیا جا سکتا ہے، 4 سال پہلے ہم ایک عظیم قوم تھے، ہم امریکا کو ایک بار پھر عظیم قوم اور پر امن ملک بنائیں گے، اب امریکا کو پہلے سے زیادہ متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات امریکی تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہیں، معلوم نہیں ڈیموکریٹس کا صدارتی امیدوار کون ہوگا لیکن یہ طے ہے کہ جوبائیڈن ماضی کی دھاندلی سی یاد بن جائے گا۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ پراجیکٹ 2025 سے ان کا کوئی تعلق نہیں، نہ وہ اس کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں، یہ ان کے خلاف پراپیگنڈہ ہے۔
علاوہ ازیں ڈونلڈ ٹرمپ نے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیئے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی، یہ ایک غلطی تھی، اگر مجھے بتایا جاتا تو میں پندرہ یا بیس منٹ انتظار کر لیتا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی شخص چھت پر چڑھا کیسے؟ اس کے بارے میں پتا کیوں نہیں چلا۔