واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن کے صدارتی الیکشن کی دوڑ سے دستبرداری کے اعلان کے بعد ان کی مخالف پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔
ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ پر جوبائیڈن کی جانب سے صدارتی دوڑ سے دستبرداری کے اعلان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نائب صدر کملا ہیرس کو صدارتی الیکشن میں شکست دینا بائیڈن کے مقابلے میں اور آسان ہوگا۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا جوبائیڈن کو امریکی تاریخ کا بدترین صدر قرار دیتے ہوئے کہنا ہے کہ جوبائیڈن کے آس پاس موجود لوگ جن میں ان کے ڈاکٹر اور میڈیا کے نمائندے شامل ہیں وہ جانتے تھے کہ بائیڈن صدر بننے کے قابل نہیں ہیں، انہوں نے صرف جھوٹ اور جعلی خبروں سے عہدہ حاصل کیا۔
ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ لاکھوں لوگ سرحد عبور کرکے بغیر کسی جانچ پڑتال کے ہمارے ملک میں داخل ہو رہے ہیں جن میں بہت سے جیلوں سے نکل کر آئے ہیں تو کوئی پاگل خانے سے آیا ہے جبکہ بہت سے دہشتگرد بھی ہیں۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سب نے دیکھا جوبائیڈن نے ملک کیساتھ کیا کچھ کیا ہے، یقیناً وہ خدمت کیلئے موزوں نہیں ہیں، ان کے دور صدارت میں ہم نے بہت زیادہ برداشت کیا، جوبائیڈن نے ملک کو جتنا نقصان پہنچایا ہم اسے بہت جلد ریکور کر لیں گے۔