نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارت میں نریندر مودی کی تیسری حکومت نے موجودہ میعاد کا پہلا بجٹ 2024-25ء پیش کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئے بجٹ میں میں تنخواہ دار طبقہ کو ٹیکس کی مد میں بڑی چھوٹ دی گئی ہے ، نئے بجٹ میں سالانہ 3 لاکھ تک کی آمدنی پر ٹیکس ادا نہیں کرنا ہوگا جبکہ 3 سے 7 لاکھ روپے کی آمدنی پر 5 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
نئے بجٹ کے مطابق 7 سے 10 لاکھ روپے کی آمدنی پر 10 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا جبکہ 10 سے 12 لاکھ روپے کی آمدنی پر 15 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
اب سے بھارت میں 12 سے 15 لاکھ روپے کی سالانہ آمدنی پر 20 فیصد اور 15 لاکھ روپے سے زیادہ کمانے والوں کو 30 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئے بجٹ میں دفاعی اخراجات کیلئے 4.54 لاکھ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیر خزانہ نے موبائل فون، کینسر کی دوا، لیتھیم آئن بیٹریاں اور امپورٹڈ جیولری کو بھی سستا کرنے کا اعلان کیا جبکہ سولر سیل بنانے کے لیے استعمال ہونے والی اشیا پر کسٹم ڈیوٹی کم کی جارہی ہے۔
بھارتی بجٹ ،میں سونا اور چاندی پر کسٹم ڈیوٹی 6 فیصد کر دی گئی جبکہ لیدر ٹیکسٹائل کی برآمدات بڑھانے کے لیے بھی کسٹم ڈیوٹی کم کی جائے گی، پیٹرو کیمیکل کے شعبے میں امونیم نائٹریٹ پر کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ ہوگا جبکہ پی وی سی کی امپورٹ کم کرنے کے لیے 10 سے 25 فیصد تک اضافہ ہوگا۔