لندن: (دنیا نیوز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے بعد برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن پر بھی حملے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ کرنے والے تھامس میتھیو کے فون سے کیٹ مڈلٹن پر حملہ کرنے کے شواہد ملے ہیں جس کے بعد سابق امریکی صدر کی طرح برطانوی شہزادی کیٹ مڈ لٹن پر بھی حملے خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
شاہی خاندان کی جانب سے شہزادی کیٹ مڈلٹن پر حملے کے خطرے کی وجہ سے حفاظتی اقدامات اٹھاتے ہوئے سکیورٹی پروٹول تبدیل کر دیا گیا ہے، برطانوی شہزادی کے علاوہ دیگر برطانوی شاہی شخصیات پر بھی حملوں سے متعلق خدشات سامنے آئے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 14 جولائی کو سابق امریکی صدر اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی میں فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے جبکہ حملے میں ایک شخص ہلاک مارا گیا، سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور تھامس میتھیو کو بھی موقع پر ہی مار دیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے اگلے ہی روز حملہ آور تھامس میتھیو کروکس کے گھر سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا، کروکس کی کار میں بھی دھماکا خیز مواد پایا گیا تھا، پولیس کو ٹرمپ کے شوٹر کے مقام کے قریب مشکوک پیکجز بھی ملے تھے جن کو کلیئر کرنے کیلئے بم ٹیکنیشن کی خدمات لی گئیں، تھامس کے پاس ایک کنٹرول ڈیوائس تھا جس کے ذریعے وہ دور سے بم کو اڑا سکتا تھا۔