تہران : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہانیہ کی ایران میں اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا بیان سامنے آگیا۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اپنی علاقائی سالمیت اور عزت کا دفاع کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بدلہ لیں گے، اس بزدلانہ حملے کا حساب دینا پڑے گا، دہشت گرد حملہ آور اپنے بزدلانہ اقدام پر پچھتائیں گے۔
قبل ازیں ایرانی وزارت خارجہ نے تہران میں اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :اسماعیل ہانیہ کی قاتلانہ حملے میں شہادت ، مختلف ممالک کا ردعمل
ایران نے ہنگامی طور پر اپنی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا اجلاس منعقد کر کے حماس سربراہ اسماعیل ہانیہ کے تہران میں قتل کے واقعے پر غور کیا ہے، یہ اجلاس صبح سویرے ہنگامی طور پر طلب کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آج فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کو ایران میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا، حماس نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہانیہ کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا جس کا بدلہ لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:اسماعیل ہانیہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا : ایرانی وزارت خارجہ
ایرانی میڈیا کے مطابق حماس رہنما پر رات دو بجے تہران میں ان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا، وہ ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ایران میں موجود تھے۔
مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں 70 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔