حزب اللہ کا اسرائیل پر بڑا حملہ ، 30 راکٹ داغ دیئے

Published On 12 August,2024 12:23 pm

بیروت : (ویب ڈیسک ) حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل پر بڑا حملہ کیا گیا ہے جس میں تقریبا 30 راکٹ فائر کیے گئے ہیں۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق لبنان میں سرگرم حزب اللہ  ملیشیا کے اعلان کے مطابق اس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی اسرائیل پر درجنوں راکٹ داغے ہیں، یہ کارروائی چند روز قبل جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں کے بعد سامنے آئی ہے جس میں حزب اللہ کے تین جنگجو شہید اور 12 افراد زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان کی سمت سے 30 راکٹ داغے گئے جن میں زیادہ تر راکٹ کھلے خالی علاقوں میں گرے، حملے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

اس سے قبل اتوار کو اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ اس نے جنوبی لبنان میں العدیسہ قصبے میں حزب اللہ کی کئی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں :کشیدہ صورتحال : امریکا کا مشرق وسطیٰ میں آبدوزاور بحری جہاز کی تعیناتی کا حکم

سات اکتوبر کو غزہ کی جنگ چھڑ جانے کے بعد حزب اللہ  اور اسرائیل کے درمیان جاری لڑائی میں اب تک لبنان میں 565 افراد شہید ہو چکے ہیں، ان میں کم از کم 116 شہری شامل ہیں۔

ادھر اسرائیلی حکام نے حزب اللہ کے ساتھ کشیدگی کے بعد سے اب تک 22 اسرائیلی فوجی اور 26 شہریوں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔

واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے 62 سالہ سربراہ اسماعیل ہانیہ کو 31 جولائی کو ایرانی دارالحکومت تہران میں اسرائیل کی جانب سے حملہ کر کے شہید کر دیا گیا تھا۔

اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر ایران نے جواب میں ایران پر حملہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں :اردن کسی ملک کے لیے میدان جنگ نہیں بنے گا : شاہ عبداللہ دوم

چند روز قبل حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللّٰہ نے بھی اسماعیل ہانیہ اور اپنے کمانڈر فواد شکر کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل پر حملہ جلد ہونے جارہا ہے، حملے کے وقت سے متعلق بے یقینی اسرائیل کی سزا کا حصہ ہے۔