غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیل کی غزہ اور مغربی کنارے میں جارحیت جاری ہے، 24 گھنٹوں میں 111 فلسطینی شہید کر دیئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ سمیت خان یونس اور گاؤں تمن پر اسرائیلی فورسز کی جانب سے بمباری کے باعث درجنوں فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جبکہ بلتا پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی ڈرون حملے میں 2 فلسطینیں شہید اور خواتین سمیت بچے زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ شہر کے صابرہ محلے پر اسرائیلی فوج کے حملے میں تین فلسطینی شہید ہو گئے، صابرہ کے نواح میں واقع اسلامی کمپلیکس پر بھی اسرائیلی فورسز کی جانب سے گولہ باری کی گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل غزہ پر اب تک ستر ہزارامریکی ساختہ بم گرا چکا ہے، اقوام متحدہ سیٹلائٹ ڈیٹا میں انکشاف ہوا ہے کہ غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد چالیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ بانوے ہزار چار سو ایک فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔