غزہ : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) غزہ میں اسرائیل کی جانب سے ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے ، صیہونی فورسز نے مختلف علاقوں میں بمباری کرکے مزید 40 فلسطینی شہید کردیئے۔
غزہ میں ایک بار پھر اسرائیلی حملوں میں تیزی آگئی ، صیہونی فورسز کی خان یونس کے مختلف علاقوں میں بھی بمباری جس سے متعدد فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ کی پٹی کے علاقے دیر البلح میں اپنی کارروائیوں کو وسیع کردیا ہے، اس علاقے میں ایک ملین بے گھر افراد کا ہجوم ہے، اسرائیل نے مکینوں کو دھمکیاں دینے کے بعد شہر کے نصف سے زیادہ علاقے کو خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔
اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ کی پٹی میں دیر البلح پر بھی پرتشدد حملے کئے اور فائر بیلٹس کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے۔
7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 40ہزار 265 ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 93ہزار سے تجاوز کرچکی ہے ۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ ایک کال کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی فوری ضرورت پر زور دیا اور انہوں نے قاہرہ میں ہونے والے آئندہ مذاکرات اور باقی رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر بھی بات کی۔
علاوہ ازیں امریکا نے اقوام متحدہ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ جلد طے پا جائے گا، نیتن یاہو نے جنگ بندی کیلئے امریکی تجاویز پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے کہا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کیلئے قاہرہ میں نئے دور کا آغاز ہو گا، نئی تجاویز کا مقصد اسرائیل حماس تنازع حل کرنا ہے۔
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس نے حماس پر جنگ بندی تجاویز قبول کرنے پر زوردیا۔