تل ابیب : (ویب ڈیسک ) سرائیلی فوج کے دستوں نے بلڈوزروں کی مدد سے مغربی کنارے کے شہر جنین پر دھاوا بول دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق مغربی کنارے کے شہر جنین پر اسرائیلی فوج کا محاصرہ رات بھر جاری رہا، اسرائیلی فوجی مقبوضہ مغربی کنارے میں پناہ گزین کیمپ کے اطراف تعینات ہیں۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج مغربی کنارے کے علاقے جبریات میں گھروں کو دھماکوں سے اڑا رہے ہیں۔
دوسری جانب غزہ کی سول ڈیفنس کی جانب سے بتایا گیا کہ جبالیہ اور خان یونس میں صیہونی فوج کے حملوں میں مزید 12 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
ادھر اسرائیلی حکومت نے فلاڈلفیا (صلاح الدین) راہ داری میں اپنے فوجیوں کی تعداد کم کرنے کا منصوبہ منظور کر لیا اور فوجیوں کی تعیناتی کے نقشوں کی تصدیق کر دی، تاہم وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کی جانب سے اس کی مخالفت سامنے آئی ہے، اگرچہ غزہ کی پٹی میں فائر بندی اور حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے تک پہنچنے کے حوالے سے زمینی حالات حوصلہ افزا نہیں ہیں تاہم بعض امریکی ذمے داران باور کرا رہے ہیں کہ بات چیت کی فضا مثبت ہے۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت میں اب تک 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 90 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، غزہ کی 90 فیصد سے زائد عمارتیں اسرائیلی بمباری کی وجہ سے یا تو مکمل تباہ ہو چکی ہیں یا پھر رہنے کے قابل نہیں ہیں جس کی وجہ سے غزہ کی لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادی پناہ گزین کیمپوں میں سکونت اختیار کرنے پر مجبور ہے۔